اڈپی،2اکتوبر (ایس او نیوز) ساستان کے قریب کوڈی کنیان میں کھمبے سے ٹوٹ کر گرا ہوا بجلی کا تار چھونے سے ایک گھریلو خاتون کی موت واقع ہوگئی ہے۔
کہا جاتا ہے کہ شریمتی پجاری اپنی عادت کے مطابق شام کے وقت اپنی گائے کے لیے قریب کے کھیت سے گھاس لینے کے لئے گئی ہوئی تھی۔ اس وقت کھیت میں ایک بجلی کا تار کھمبے سے ٹوٹ کر گرا تھااوراس میں بجلی دوڑ رہی تھی ۔شریمتی پجاری اسے دیکھ نہیں پائی اور اس کے پیر زندہ بجلی کے تار سے چھو گئے۔ دونوں پیر بجلی کے تار سے جکڑ جانے کی وجہ سے وہ بے ہوش ہوکرزمین پر گر پڑی ۔ جب رات کا اندھیرا بڑھنے لگا اور شریمتی واپس نہیں لوٹی توتو گھر والوں نے اسے تلاش کرنا شروع کیا ۔ کھیت میں بجلی کے تار سے چپکی ہوئی شریمتی کو دیکھ کر مین لائن آف کروانے کے بعد الگ کیا جاسکا او رپھر جب اسے اسپتال لے جایا گیا تو ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔
افسوسناک امر یہ ہے کہ سنیچر کی رات کو شریمتی کی موت ہوئی ہے اس کی بیٹی کے شادی سوموار2اکتوبر کے دن مقرر تھی، اور مہندی کی تقریب میں شرکت کے لئے سب رشتے داراس کے گھر آئے ہوئے تھے۔اس وجہ سے شادی کی خوشیوں والا گھر دیکھتے ہی دیکھتے ماتم کدے میں بدل گیا ۔